پاکستانی خبریں

کورونا وائرس سے کس قسم کی مل گئی کامیابی؟ مشیر خزانہ نے اہم تفصیلات بتادیں

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے آئی ایم ایف سے اہم رعایت لینے میں کامیاب ہوگئی جبکہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا عندیہ دے دیا۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومت آئی ایم ایف سے اہم رعایت لینے میں کامیاب ہوگئے ہیں.

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر اٹھنے والے اخراجات مالی خسارے میں شامل نہیں ہوں گے، آئی ایم ایف کورونا اخراجات خسارے میں شامل نہ کرنے پر رضامند ہے۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ وزیراعظم نےمعاشی اثرات سے نمٹنے کی حکمت عملی کی ذمہ داری سونپ دی، ایسی حکمت عملی وضع کریں گے کہ معاشی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، کوشش ہوگی اشیائے خوردونوش کی قلت یا قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کورونا وائرس کے باعث بے روزگاری کا خطرہ پیدا نہ ہو اور کسانوں کو بھی ان کی مصنوعات کا پورا معاوضہ ملتا رہے، برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ ہوا تو معاہدوں میں توسیع کی کوشش کریں گے۔

مشیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ صرف 10سے 11فیصد گری ہے، دنیا کی اسٹاک مارکیٹوں میں 1ٹریلین ڈالر کی مندی آئی ہے، مختلف ممالک، عالمی مالیاتی اداروں سے مالی وتکنیکی مدد لیں گے، جو ملک اس صورتحال سےنکل رہے ہیں ان سے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ کیا جائےگا۔

Related Articles

Back to top button