پاکستانی خبریں

کورونا وائرس: خیبرپختونخوا کے تمام تعلیمی ادارے 15 روز کے لئے بند کرنے کا فیصلہ

کورونا وائرس کے پیش نظر خیبرپختونخوا کابینہ نے صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے 15 روز کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

یہ فیصلہ خیبرپختونخوا کابینہ کے اجلاس کے دوران ہوا جس کے مطابق تمام ہاسٹلز بھی بند رہیں گے جبکہ تمام فیسٹیول اور جیلوں میں ملاقاتیں معطل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

سرکاری حکام کے مطابق سیاسی اور پبلک اجتماعات پر پابندی اور وزیراعلیٰ محمود خان کا جلسہ سوات معطل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ عوام سے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کم کرنے کی ہدایت کی جائے گی جبکہ طورخم بارڈ سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت سیکورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس کے دوران صوبے میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند کرنے کے ساتھ ہی نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

سندھ میں تعلیمی ادارے پہلے ہی کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر حفظ ماتقدم کے طور پر15 مارچ تک بند کردیے گئے تھے۔

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 30 مئی تک موسم گرما کی تعطیلات کے لیے بند رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں جماعتوں کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے گرمیوں کی تعطیلات کے بعد یکم جون 2020 کو دوبارہ کھل جائیں گے۔

Related Articles

Back to top button