وزیرخارجہ عمان پہنچ گئے، سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کریں گے

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے عمان پہنچ گئے، جہاں وہ آج شاہی خاندان سے ملاقات کریں گے اور سابق فرمانروا سلطان قابوس کے انتقال پر اظہار تعزیت کریں گے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے ، پاکستان کے سفیر اور عمانی وزارت خارجہ کے حکام نے استقبال کیا، وزیر خارجہ آج شاہی خاندان سے ملاقات میں سابق فرمانرواسلطان قابوس کے انتقال پر اظہارتعزیت کریں گے۔

اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے تھے ، وزیرخارجہ کی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مشرق وسطیٰ کشیدگی، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا تھا کہ خطےمیں پائی جانے والی کشیدگی کے باعث تشویش ہے، کشیدہ صورتحال کو اعتدال پر لانے اور خطے کے استحکام کا تحفظ ضروری ہے، معاملات سفارتی ذرائع بروئےکار لاکر پرامن حل نکالنے پر زور دیا جائے۔

شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنانے پر آمادہ کیا جائے، بروقت آگ کو ٹھنڈا کرنے کیلئےاقدامات نہ کیےتوپوراخطہ لپیٹ میں آسکتا ہے۔

شاہ محمود کا دیگر وزرائے خارجہ سے ہونیوالے روابط سے سعودی ہم منصب کو آگاہ کرتے ہوئے کہنا تھا خوش آئندہ بات ہے ایران، امریکا واضح کرچکےہیں کہ کشیدگی نہیں چاہتے، ان حالات میں ضروری ہےکہ فریقین کو مذاکرات پر آمادہ کیاجائے، معاملات افہام و تفہیم کیساتھ، پر امن انداز میں طےکیےجائیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سعودی ہم منصب کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا اور کہا تھا کہ کشیدگی سے اہم مرحلے میں داخل افغان امن عمل متاثرہونے کا خدشہ ہے۔

سعودی وریرخارجہ نے مشرق وسطیٰ میں بحرانی کیفیت پرقابو کیلئے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا شاہ محمودقریشی کےدورے اور کوششوں کاخیرمقدم کرتےہیں۔

یاد رہے سعودی عرب کے دورے سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران کا دورہ کیا تھا ، جہاں انھوں نے ایرانی صدر حسن روحانی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی جس میں ایران امریکا کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاک ایران دوستی مزید مستحکم، وزیر خارجہ کی دورہِ ایران کی تفصیلات آتے ہی امریکا پر بے چینی طاری

شاہ محمود قریشی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر ایرانی صدر کو پاکستانی موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کی طرف سے آنے والے حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا ایران خطے میں کشیدگی نہیں چاہتا۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر بیرون ممالک کے دورے کررہے ہیں، وہ ایران کے بعد سعودی عرب اور امریکا جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں