پاکستانی خبریں

وزیر اعظم نے بزنس کمیونٹی کے لیے خوشخبری سنا دی

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تاجر برادری وسائل پیدا کرتی ہیں اور وہ قوم آگے نہیں بڑھ سکتی جب تجارتی طبقہ مسائل سے دوچار رہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت کا کام سہولیات اور ساز گار ماحول فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا ایک برا مسئلہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی مداخلت تھی اور تاجر برادری نے اس مسئلے کا برملا اظہار کیا۔

عمران خان نے تاجروں کو مبارک باد دیتے ہوئےکہا کہ ‘آرڈیننس کے ذریعے نیب کو تاجر برادری کو علیحدہ کردیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘نیب کو صرف پبلک آفس ہولڈرز کی اسکروٹنی کرنی چاہیے، نیب تاجربرادری کے لیے بہت بڑی رکاوٹ تھی’۔

انہوں نے کہا کہ 2023 تک یہ بھولنے تک نہیں دوں گا کہ ہمیں کس حالت میں پاکستان ملا، گزشتہ حکومتوں کے کارنامے بتاتا رہوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 30 ہزار ارب روپے کا قرضہ ملا تھا، ہم اپنی کارکردگی بھی بتائیں گے اور یہ بھی بتاوں گا کہ کس طرح کا پاکستان اور ادارے ملے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری معاشی ٹیم ہر وقت موجود ہے اور کوشش کروں گا کہ دو تین مہینے میں ایک مرتبہ تاجر برادری سے ضرور ملوں۔

ان کا کہنا تھا کہ تاجربرادری کی پریشانی دور کرنا پاکستان کی ضرورت ہے، سرمایہ کار پیسہ بنائیں تاکہ دیگر سرمایہ کار ملک میں آئیں۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فلاحی ریاست کا تصور لے کر چین نے 30 برس میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نکلا۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح یورپ اور امریکا جیسے دیگر ممالک میں ریاست نے اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لے لی اور یہ ہی فلاحی ریاست کی مثال ہے۔

وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومتوں کے 10 ارب ڈالر قرضے واپس کیے گئے اور گزشتہ 6 ماہ کے دوران اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 2ہزار ارب روپے لون واپس کیے گئے تاکہ ایکسچینج ریٹ کو نئے انداز میں تشکیل دیا گیا اور ایکسپورٹ میں آسانی ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی اخراجات میں 40 ارب روپے کی کمی لائی گئی اور آرمی کے بجٹ کو ‘فریز’ کیا گیا۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا کہ یہ طے کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ اور سپلیمنٹری گرانڈ نہیں لی گئی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ‘موجودہ حکومت سے زیادہ کوئی بزنس فرینڈلی گورنمنٹ نہیں رہی’۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے گئے۔

 

Related Articles

Back to top button