پاکستانی خبریں

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو وفاقِ پاکستان کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو وفاقِ پاکستان کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں، اُن کے قاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی لیکن اس قومی سانحے کی فوراً بعد صدر آصف علی زرداری نے ”پاکستان کھپے“کا نعرہ لگا کر اِن مکروہ عزائم کو ناکام…

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے 12 ویں یوم شہادت کے موقع پر اُنہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی عوام اپنی اس بہادر قائد کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، جنہوں نے اپنا سب کچھ اِس ملک، اس کے پسماندہ اور ننگے پاوں والے لوگوں کے لئے قربان کردیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ایک بیٹی کی حیثیت سے اُنہوں نے اپنے والد و عوام میں انتہائی مقبول رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کے اُن نظریات کے لئے جانفشانی سے مقابلہ کیا، جن کی خاطر اُن کے والد نے پھانسی کے پھندے کو گلے لگایا تھا۔ اُنہوں نے وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے جیالوں کو متحد کرکے ضیا کی شکل میں موجود ایک سفاک آمر کے خلاف انتھک جدوجہد کی قیادت کی،بحالیِ جمہوریت کی جدوجہد کے دوران شہید بینظیر بھٹو کو قیدِ تنہائی اور جلاوطنی کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا اور انہیں انتھائی مجبوری کی حالت میں اقتدار سونپا گیا تھا، کیونکہ ضیا باقیات 1988 کے عام انتخابات کو مکمل طور پر ہائی جیک کرنے میں منہ کی کھانی پڑی تھی۔ انتخابات کے بعد، بطور وزیر اعظم انہوں نے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا اور ملک و عوام کی ترقی کے لئے ترقیاتی پروگرام شروع کیئے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے صحت، تعلیم، غربت کے خاتمے، خواتین کی بھبود اور دفاع جیسے پروگراموں کو شروع کیا اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا۔ بیلسٹک میزائل پروگرام نے اس جوہری پروگرام کی موجودگی میں ہمارے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنادیا، جس کی بنیاد ان کے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے عدالتی قتل ہونے سے پہلے رکھی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے شہید بے نظیر بھٹو کے مشن سے تجدید عہد وفا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی عوام اور پارٹی کارکنان کی حمایت سے یہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو عوام کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گی کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں ان کی جمہوریت، انسانی حقوق اور پرامن معاشرےا کے لیئے جدوجہد پر مبنی سیاسی ورثے کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا۔

 

Related Articles

Back to top button