پاکستانی خبریں

دختر مشرق بے نظیر بھٹو کی 12ویں برسی، پہلی بار مرکزی تقریب جائے شہادت لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد

مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی بارویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے پہلی بار مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش کے بجائے جائے شہادت لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد کی جا رہی ہے جہاں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری برسی کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

جلسے کا آغاز دن ایک بجے ہوگا جس کے لیے دو اسٹیج بنائے گئے ہیں۔ ایک پر بلاول بھٹو مرکزی قیادت کے ہمراہ جبکہ دوسرے پر پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما موجود ہوں گے۔ مرکزی اسٹیج 100 فٹ اور 60 فٹ چوڑا ہے۔ اسٹیج، جلسہ گاہ اور داخلی راستوں کے علاوہ مری روڈ کو خیر مقدمی بینروں سے سجا دیا گیا ہے۔

برسی کی تقریب میں شرکت کے لئے ملک بھر سے جیالوں نے جڑواں شہروں میں ڈیرے ڈال دئیے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق جلسہ گاہ کے اندر اور باہر 3 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ مری روڈ کمیٹی چوک سے لے کر مریڑ چوک تک ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند ہو گی۔ اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے متبادل پلان جاری کر دیا ہے۔

بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت کی مناسبت سے سندھ حکومت نے 27 دسمبر کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق صوبائی اداروں، ذیلی سرکاری محکموں اور بلدیاتی اداروں کے ماتحت چلنے والے دفاتر اور تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

 

Related Articles

Back to top button