پاکستانی خبریں

رانا ثنااللہ کی رہائی پر وزیرمملکت شہریار آفریدی کا بڑا ردعمل آگیا، تہلکہ خیز بیان جاری کر دیا

وزیرمملکت شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ رانا ثنااللہ کیس کا فیصلہ نہیں آیا بلکہ لاہور ہائی کورٹ نے انہیں رہا کیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے معاملے پر ایسا تاثر دیا گیا سب کچھ ختم ہوگیا لیکن ایسا نہیں ہے، رانا ثنااللہ کو بری نہیں کیا گیا بلکہ انہیں رہا کیا گیا ہے اور ان کے کیس کا فیصلہ ابھی تک نہیں آیا بلکہ آج کل ضمانتوں کا موسم ہے اور تمام بڑے چوروں کو ضمانتیں دی جارہی ہے، انہیں بھی لاہور ہائی کورٹ نے رہا کیا ۔

وزیرمملکت نے کہا کہ میں کسی کام کے سلسلے میں ملک سے باہر تھا لیکن تاثر ایسا دیا گیا کہ میں ڈر گیا اور میڈیا سے بھاگ رہا ہوں، میری اور وزیراعظم کی کسی سے ذاتی رنجش نہیں ہے اور ہم نے رانا ثنااللہ کو گرفتار کیا اور نہ ان کے کیس میں کسی قسم کی مداخلت کی جب کہ عدالتوں میں کیس چل رہے ہیں، اور عدالتوں کے فیصلے ایک وزیر کیسے بتاسکتا ہے تاہم کیس لٹکانے کے لیے تاخیری حربے استعمال کیے گئے۔

ایک سوال کے جواب میں شہریار آفریدی نے کہا کہ رانا ثنااللہ کیس کو میڈیا ٹرائل نہ بنایا جائے، کیس سے جڑے تمام ثبوت عدالت کو فراہم کرچکا ہوں لیکن فیصلہ کرنا میرا کام نہیں، لیکن پتہ نہیں ہم کیوں میڈیا میں آکر جج بن جاتے ہیں جب کہ ثبوتوں کے بنیاد پر فیصلہ عدالتوں نے دینا ہے اور تفصیلی فیصلہ آنے پر ہم تمام آپشن استعمال کرتے ہوئے کیس کو منتقی انجام تک پہنچائیں گے۔

وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت کے عدالتی فیصلے کا احترام کرتے ہیں، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے اور ہم مافیاز کے خلاف کھڑے ہیں۔

Related Articles

Back to top button