پاکستانی خبریں

وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی شرکت

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج(پیرکو)ہوگا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے،مشترکہ مفادات کونسل کا 16 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔

مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس وزیر اعظم کی زیرصدارت آج(سوموار کے روز) ہو گا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی، وزیر بین الصوبائی روابط فہمیدہ مرزا جبکہ وفاقی حکومت کے چیف سیکریٹریز کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے،اجلاس میں سی سی آئی کی سالانہ رپورٹ 2016 اور 2017 منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ مشترکہ مفادات کونسل اجلاس میں پیٹرولیم پالیسی 2012 کے ترمیمی مسودے کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ ایل این جی درآمد کا معاملہ بھی مشترکہ مفادات کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

حویلی شاہ بہادر اور بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری کی سمری بھی مشترکہ مفادات کونسل کو بھجوادی گئی ہے۔ تیزی سے بڑھتی ملکی آبادی پرقابو پانے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل کیاگیاہے۔صوبوں میں پانی کی تقسیم کے معاہدے سے متعلق اٹارنی جنرل کی سفارشات بھی ایجنڈے میں شامل کر لی گئیں ہیں جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبوں کو فنڈز کی غیر قانونی منتقلی کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

صوبہ سندھ کی جانب سے صوبوں کے فنڈ سے ایف بی آر کی غیر قانونی اور غیر آئینی کٹوتی کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ سی جے ہائیڈرو پاور منصوبے کا این اوسی کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔ چیئرمین واپڈا اور ممبرز کی تقرری سے متعلق ڈرافٹ بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ایل پی جی کی پیداوار پر وزارت پیٹرولیم کو رائیلٹی کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

قدرتی وسائل کی تقسیم کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل 158 اور 172 پر عملدرآمد کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔متبادل توانائی پالیسی 2019 منظوری کے لیے پیش کی جائے گی۔ پاکستان کی مردم شماری کے نتائج کا نوٹیفیکیشن بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔ اوگرا ترمیمی آرڈیننس 2002 بھی سی سی آئی میں زیر بحث آئے گا اور صوبوں کو پانی کے خالص منافع پر عملدرآمد کے فارمولے پر بحث ہوگی۔

Related Articles

Back to top button