پاکستانی خبریں

احسن اقبال نے بے روزگار نوجوانوں اور معیشت کے حوالے سے بڑا بیان دے دیا، حکومتی اراکین میں بے چینی پھیل گئی

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر ملک کی معیشت کو فوری طور پر بحال نہیں کیا گیا تو بے روزگار نوجوان آبادی ہر سال تبدیلی لائے گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے معاشی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بچانے کی ضرورت ہے۔ ملک میں 12 کروڑ کے قریب نوجوان آبادی ہے جس کو روزگار کی ضرورت ہے اور اگر فوری طور پر معیشت کو بحال نہیں کیا گیا تو یہ نوجوان آبادی ہر سال تبدیلی لائے گی۔

انہوں ںے کہا کہ بھارت اور بنگلہ دیش میں بدعنوانی پاکستان سے زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود آج بنگلہ دیش اور بھارت کی شرح نمو پاکستان سے زیادہ ہے۔ بنگلہ دیش کی شرح نمو 7 اعشاریہ 7 فیصد ہے اور بھارت کی 6 اعشاریہ 7 جبکہ پاکستان کی شرح نمو 2 اعشاریہ 4 فیصد ہو گئی ہے۔ پاکستان کی شرح نمو کو خطے کے تمام ممالک سے کم ترین سطح پر پہنچا دیا گیا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ معاشی ترقی سیاسی استحکام سے آتی ہے۔ عالمی بینک کے مطابق مغربی ایشیا میں ترقی کا سب سے زیادہ امکان ہے لیکن پاکستان مغربی ایشیا میں فی کس آمدنی میں بھی پیچھے رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پالیسیوں کے تسلسل کو ناکام بنایا گیا۔ 60 کی دہائی میں اڑان 1965 کی جنگ سے متاثر ہوئی اور 90 کی دہائی کی اڑان کو 1999 میں حکومت کو گھر بھیج کر ختم کر دیا گیا۔ سی پیک سے تیسری اڑان کو 2018 میں ناکام بنایا گیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ اس حکومت کے پاس کوئی دور اندیشی نہیں ہے جبکہ ہماری ترجیحات پہلے دن سے معیشت اور توانائی کی بحالی اور دہشت گردی کا خاتمہ تھا۔ کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے زرعی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

Related Articles

Back to top button