پاکستانی خبریں

تحریک انصاف میں اختلافات منظر عام پر آنا شروع، پارٹی کا بڑا نام ناراض

تحریک انصاف میں اختلافات منظر عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سینئر رہنما فرخ محمود مون پارٹی سے ناراض ہو گئے انھوں نے عہدہ لینے سے انکار کر دیا۔

تحریک انصاف میں آپسی اختلافات منظر عام پر آنا شروع ہو گئے۔ سینئر رہنما فرخ محمود مون پارٹی سے ناراض ہو گئے، عہدہ لینے سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں تحریک انصاف کی تنظیم سازی کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔ کئی اضلاع میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے، اسی سلسلے میں لاہور سے تحریک انصاف کے رہنما فرخ جاوید مون کو سینئر نائب صدر گلبرگ ٹاؤن نامزد کیا گیا تھا مگر انہوں نے عہدہ لینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فرخ جاوید مون سینئر نائب صدر گلبرگ کے عہدے سے مطمئن نہیں ہیں، وہ جنرل سیکرٹری لاہور کے عہدے کے خواہش مند ہیں اور یہ عہدہ نہ ملنے پر نالاں ہیں۔ قبل ازیں پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمد چوہدری سے پارٹی سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنمائوں کے وفود نے ملاقات کیں، ملاقات کرنے والے پارٹی رہنماؤں نے سنٹرل پنجاب میں ہونے والی تنظیم سازی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں، اس موقع پر اعجازاحمد چوہدری نے کہاکہ کرپٹ مافیا نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ،ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں وزیراعظم عمران خان دن رات کوشاں ہیں، ملکی معیشت اور اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آ رہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ فضل الرحمان نے شاہراہیں روک کر اپنی سیاست کا جنازہ نکال لیا ہے ،ملکی ترقی کے دشمن قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، کرپٹ مافیا کا گٹھ جوڑ قوم نے مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں پارٹی رہنمائوں سے تنظیم سازی کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں بریگیڈیر (ر)اسلم گھمن ، قصور سردار حسن علی خان ، انجینئر مبشر نواز ، چوہدری محمد اشفاق کمبوہ سمیت دیگر رہنماء و کارکنان شامل تھے۔

بعدازاں اعجازاحمدچوہدری سے پارٹی سیکرٹریٹ میں مرکزی نائب صدر چوہدری اشفاق نے ملاقات کی ، ملاقات میں پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

 

Related Articles

Back to top button