پاکستانی خبریں

تھرپارکرمیں ایک دکھیاری ماں کا دل ہلا دینے والا واقعہ

تھرپارکر مٹھی سول ہسپتال انتظامیہ نے بچے کی لاش گاﺅں لے جانے کے لیے ایمبولینس دینے سے انکار کر دیا ، ماں اپنے بچے کی لاش گود میں رکھ کر ہسپتال کے گیٹ پر بیٹھ گئی،شہریوں نے چندہ کر کے بچے کی والدہ کولاش کے ساتھ ٹیکسی میں گاﺅں روانہ کیا۔

 سول ہسپتال مٹھی میں زیر علاج گاﺅں مانجھٹی کے رہائشی امید علی کا چار سالہ بچہ اکرم علی جاں بحق ہو گیا, غریب ماں کو بچے کی میت گھر لے جانے کے لیے بھیک مانگ کر ایمبولنس کا کرایہ اکھٹا کرنا پڑا۔

مٹھی کے سول ہسپتال کے ایم ایس نے بچے کے لواحقین کو پیٹرول نہ ہونے کے باعث ایمبولنس دینے سے انکار کردیا، جس پر دکھیاری ماں بچے کی میت گود میں اٹھائے زمین پر بیٹھ کر بھیک مانگتی رہی۔اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بچے کی میت کو گود میں اٹھائے ماں کے گرد سارا منظر دیکھ رہے تھے، جبکہ غمزدہ ماں راہ گیروں سے بھیک لیتے ہوئے انتہائی افسردہ بھی دکھائی دی۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب حال ہی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر سمیت صوبے میں صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کا دعویٰ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ میرپورخاص کے سول ہسپتال میں بھی سرکاری ایمبولینس نہ ملنے پر بچے کی لاش کو موٹرسائیکل پر لے جاتے ہوئے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں والد اور چچا جاں بحق ہوگئے تھے۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے بچے کی لاش کو منتقل کرنے کے پیسے طلب کیے گئے تھے، لیکن بچے کے والد اور چاچا پیسے نہ ہونے کے باعث ڈھائی سالہ بچے موہن کی لاش کو موٹر سائیکل پر لے گئے۔
سول ہسپتال کی ایمنبولینس میں پیٹرول نہیں تھا، پیٹرول اور کرائے کی رقم انتظامیہ نے طلب کی جبکہ دوسری ایمبیولینس میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سول ہسپتال کے ذاتی استعمال میں تھی۔بعد ازاں سندھ کے محکمہ صحت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری صحت کو میڈیکل سپرٹنڈنٹ میرپورخاص کو فوری طور پر معطل کرنے کی ہدایت کی اور کمشنر میرپورخاص سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی تھی۔وزیراعٰلی سندھ نے واقعے پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور سیکریٹری صحت کو بھی واقعے کی مکمل رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر محکمہ صحت میرپورخاص کا عملہ ملوث نکلا تو معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے سیکریٹری صحت سندھ سے صوبہ بھر کے تمام اسپتالوں کی ایمبولنس سروس کی تفصیلات بھی طلب کیں اور کہا کہ عوام کی خدمت میں یہ ایمبولینسز کے استعمال کے حوالے سے ریکارڈ پیش کیا جائے۔

Related Articles

Back to top button