پاکستانی خبریں

صدر اور وزیراعظم کی قوم کو عید میلاد النبیﷺ کے مبارک موقع پر مبارکباد اور خصوصی پیغام جاری

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان اور صدر پاکستان عارف علوی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے ملک میں امن واستحکام یقینی بنانا چاہیے۔

عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی پیروی کرنے اور انسانیت کی فلاح کے لیے ان کے اسوہ حسنہ کے فروغ پر زور دیا ہے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ ہمیں پیغمبراسلام حضرت محمد ﷺ کے پیروکار ہونے کے ناطے اور ان کی تعلیمات پرعمل کرتے ہوئے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانا چاہیے۔ دشمنوں نے بھی آپ ﷺکو صادق اور امین کا لقب دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور ملک میں محبت، امن اور ہم آہنگی کی فضا پیدا کرنے کے لیے محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کی سیرت طیبہ پرعمل کی اہمیت واضح کی۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی دنیا لیے ہوئے ہے، آپ ﷺنے مثالی فلاحی ریاست اور رول ماڈل معاشرہ قائم کیا، ریاست مدینہ میں سب کے حقوق مساوی تھے اور تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مذہبی عقائد کے مطابق عبادت کی آزادی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دعا ہے ایسے دن ہماری زند گی میں بار بار آتے رہیں، اس مبارک دن کو منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہمیں اپنے آپ سے یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے کردار اور قول وفعل سے یہ ثابت کریں گے کہ ہم حضرت محمد ﷺ کے امتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد صرف امت مسلمہ کی بھلائی نہیں تھا بلکہ اس کا مقصد پوری انسانیت کی فلاح و بہبود تھا، یہ فلاحی ریاست ہر دور کے لو گوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مقصد کے حصول میں کامیاب فرمائے اور اپنے روز وشب کو تعلیمات نبو یﷺ کی روشنی میں بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اُن تمام شہدا، غازیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔

Related Articles

Back to top button