پاکستانی خبریں

جشن آمدِ رحمت العالمینﷺ دنیا بھر میں انتہائی عقیدت اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے

ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت اور مذہبی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں 31توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا۔

دنیا بھر میں اللہ کے نبیﷺ کی ولادت پر جشن کا سماں ہے، عاشقان رسول اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کررہے ہیں، لاہور میں بھی صبح بہاراں پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی دی، فضائیں اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں، ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

محفوظ شہید گریژن میں پاک فوج کے جوانوں نے اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے، توپوں کی سلامی کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، آج ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی۔

تمام چھوٹے بڑے قصبوں، شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ گھروں، مساجد، مارکیٹوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ جشن عید میلاد النبی کی مناسبت سے سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔

آپ کے حالات و کمالات اور فضائل معجزات کو بیان کرنے کا نام عید میلاد النبی ہے۔ رسول کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ مسلمان متحد ہو کر امن و آشتی کا درس دیں، آپ ﷺ نے امن و محبت، بھائی چارگی اور احترام انسانیت کا درس دیا اور یہ پیغام رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔

اس حوالے سے مختلف مقامات پر منعقدہ اجتماعات سے خطاب میں علمائے کرام کا کہنا ہے کہ عصر حاضر میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا راہ نجات ہے۔

Related Articles

Back to top button