پاکستانی خبریں

پاکستان میں آج نئی تاریخ رقم، وزیراعظم عمران خان آج کرتارپورراہداری کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم عمران خان آج سکھ مذہب کے بانی باباگرو نانک دیوجی کے550ویں جنم دن کے موقع پربین المذاہب ہم آہنگی کے جذبہ کے عکاس کرتارپور راہداری کے فقید المثال منصوبہ کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم نے ایک سال پہلے پاکستان اور بھارت کے درمیان اس راہداری کی تعمیرکا منصوبہ پیش کیاتھا جس کامقصد بھارت سے پاکستان کے ضلع نارووال میں کرتارپورکے مقام پرگوردوارہ ڈیرہ صاحب آنیوالے سکھ یاتریوں کو سہولت فراہم کرناہے۔ سکھ برادری کے روحانی پیشوا باباگرو نانک کا پانچ سو پچاس واں جنم دن یادگار بنا دیا گیا، سکھ برادری کے افراد خوشی سے نہال ہوگئے۔

ڈی سی نارووال نے افتتاح کی خوشی میں ضلع بھرمیں چھٹی کا اعلان کر دیا، تاریخ میں پہلی بار سکھ زائرین نارووال میں اپنی مذہبی عبادت گاہ پر بغیر ویزے کے آسکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے جو وعدہ کیا اسے پورا کرنے کا وقت آگیا، صرف نو ماہ کے مختصر وقت میں تاریخ رقم کرتے ہوئے کرتار پور راہداری مکمل کی گئی، خصوصی تقریب کی تمام تیاریاں بھی مکمل کرلی گئیں۔

واضح رہے کہ18 اگست 2018ء کو وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں آرمی چیف نے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپورراہداری کھولنے کی نوید سنائی تھی۔

جذبہ خیرسگالی کے تحت 28 نومبر 2018ء کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا تھا، پاکستان نے سکھ برادری کے لیے شاندار انتظامات کئے جبکہ بھارت پاکستان دشمنی میں سکھ برادری کے اہم دن کو بھی نظرانداز کررہا ہے۔

 

Related Articles

Back to top button