پاکستانی خبریں

72 سال میں ووٹ کو عزت نہیں ملی، کس نے حکومت سے فارن فنڈنگ کا حساب مانگ لیا؟

 پی ٹی آئی حکومت سے فارن فنڈنگ کا حساب مانگ لیا گیا۔ عمران نیازی نے غیر ملکی فنڈنگ لے کر پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پی ٹی آئی حکومت سے فارن فنڈنگ کا حساب مانگ لیا، کہتے ہیں کہ عمران نیازی نے غیر ملکی فنڈنگ لے کر پاکستان کی معیشت کو تباہ کیا ہے، اس بے شرم، نالائق اور اناڑی حکومت کو گھر بھیجنا ہے اور نئے شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کی حکومت لے کر آنی ہے۔

آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف ہسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے لیکن اس کے خیالوں میں آپ ہیں۔ یہ ملک پاکستان کے عوام کی ملکیت ہے لیکن 72 سالوں میں آج تک یہاں عوام کو حکمرانی نہیں کرنے دی گئی۔ ہندوستان ، بنگلہ دیش، سری لنکا ، نیپال ہم سے آگے نکل گئے، ہم کیوں پیچھے رہ گئے؟ کیونکہ ہمارے ملک میں ووٹ کو عزت نہیں ملی، کبھی کسی نے ووٹ کو بوٹوں کے نیچے کچل دیا اور کبھی کسی نے ووٹ کو عدالت کے فیصلے سے نکال کر باہر کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اس قوم کو ایک مضبوط قوم بنانا ہے، جب تک اس ملک میں الیکٹڈ اور عوام کی نمائندہ حکومت نہ ہو تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہم پاکستان کے آئین کی بالا دستی دیکھنا چاہتے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی غیر ملکی فنڈنگ لے کر پاکستان کی معیشت کو تباہ کرنے آیا ہے، یہ ہم سے حساب مانگتا ہے ہم کہتے ہیں اپنی فارن فنڈنگ کا حساب دو۔ تم نے غیر ملکی پیسوں سے اس ملک کے مستقبل کو تباہ کیا ہے لیکن ہم تمہیں مزید تباہ نہیں کرنے دیں گے۔

مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اس ملک میں ایک نیا انتخاب ہو، پاکستان کے عوام کو شفاف الیکشن کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دیا جائے، ہم قومی اداروں کی عزت بحال کرنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ یہ ملک مضبوط ہو اور یکجہتی کے ساتھ چلے اور اس کا ایک ہی راستہ ہے کہ اس بے شرم، نالائق اور اناڑی حکومت کو گھر بھیجنا ہے اور پاکستان کے عوام کی حکومت لے کر آنی ہے۔

Related Articles

Back to top button