پاکستانی خبریں

دنیا بھرمیں آج اقوام متحدہ کاعالمی دن منایا جارہا ہے

دنیا بھر میں آج اقوام متحدہ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، آج سے 74 سال قبل آج ہی کے دن اقوام متحدہ کی بنیاد رکھی گئی اور اس کا منشور نافذ العمل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج اقوام متحدہ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1945 میں اقوام متحدہ کے منشور کے نافذ العمل ہونے کی سالگرہ کی یاد تازہ کرنے کے لیے تمام ممبر ممالک ہرسال آج کے دن مناتے ہیں۔

دوسری جنگ عظیم کے بعد آئندہ نسلوں کو جنگوں کی تباہ کاریوں سے بچانے اور دنیا بھر کے تمام ملکوں کو مذاکرات کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنے کے لیے 1945 میں اقوام متحدہ کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا مقصد عالمی قوانین، سماجی و اقتصادی ترقی، حقوق انسانی اور دنیا بھر میں امن قائم کرنے کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے چارٹر کے اہم مقاصد میں دنیا بھر میں امن اور سیکورٹی کو ممکن بنانا، قوموں کے درمیان رشتے بڑھانا، معاشی، سماجی، ثقافتی یا بین الاقوامی انسانی مسائل کے حل کے لیے قوموں کے درمیان تعاون بڑھانا ہے۔

اس وقت دنیا بھر کے 192 کے قریب آزاد ممالک اور ریاستیں اقوام متحدہ کی رکن ہیں۔ اقوام متحدہ میں 6 عالمی زبانوں عربی، انگلش، چائنیز، فرانسیسی، روسی اور ہسپانوی میں کارروائی ہوتی ہے۔

اقوام متحدہ کے تمام نظام کو اس کی ذیلی ایجنسیاں جنرل اسمبلی، سیکیورٹی کونسل اور دیگر ایجنسیاں چلاتی ہیں۔

Related Articles

Back to top button