پاکستانی خبریں

کیا واقعی سابق وزیر اعظم نواز شریف کو زہر دیا گیا ہے؟ اہلِ خانہ نے تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔۔۔ مسلم لیگ نواز کیلئے پریشان کن خبر آگئی

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پلیٹ لیٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے بعد سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، انہیں ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی تجویز پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں میڈیکل بورڈ ان کا طبی معائنہ کر رہا ہے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس 16 ہزار تک گر چکے ہیں۔

پیر کے روز نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان نے نیب آفس لاہور میں ان سے ملاقات کی اور ان کے کچھ میڈیکل ٹیسٹ کرائے۔ پہلا ٹیسٹ شریف میڈیکل سٹی سے کرایا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ سابق وزیر اعظم کے پلیٹ لیٹس 12 ہزار تک گر گئے ہیں۔ تشویشناک صورتحال کے باعث نواز شریف کا دوسرا میڈیکل چیک اپ چغتائی لیب سے کرایا گیا جن میں ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 16 ہزار آئی۔

ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی صحت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی۔ خیال رہے کہ انسانی جسم میں ڈیڑھ لاکھ سے 4 لاکھ تک پلیٹ لیٹس ہوتے ہیں اور اگر یہ 10 ہزار سے کم ہوجائیں تو اندرونی بلیڈنگ شروع ہوجاتی ہے۔

نواز شریف کی صحت کا پتا چلتے ہی مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نیب دفتر پہنچ گئی اور ٹائروں کو آگ لگا کر ملتان روڈ بلاک کردی۔ لیگی کارکنوں نے نواز شریف کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور کیپٹن (ر) صفدر بھی نیب آفس پہنچ گئے۔

نواز شریف کو رات گئے (12 بجے کے قریب) سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سمز) کے پرنسپل ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جو نواز شریف کا طبی معائنہ کر رہا ہے۔

نواز شریف کو ہسپتال منتقل کیا گیا تو یہاں بھی کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جس نے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔ نواز شریف گاڑی میں فرنٹ سیٹ پر بیٹھ کر ہسپتال آئے اور ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے۔

سمز کے پرنسپل اور نواز شریف کا طبی معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے نواز شریف کی ہسپتال آمد سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس نارمل رینج سے کافی کم ہیں، ایسا ڈینگی بخار یا تیز بخار ہونے کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے۔

نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں یہ خدشہ ظاہر کیا کہ ان کے والد کو ممکنہ طور پر زہر دیا گیا ہوگا جس کی وجہ سے ان کے پلیٹ لیٹس کم ہوئے ہیں اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے بھی یہ دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کو زہر دیا گیا ہے۔

 

Related Articles

Back to top button