پاکستانی خبریں

ٹارگٹ کلنگ سے پی ٹی آئی کا سابق عہدے دار جاں بحق، مزید تحقیقات نے کیس کو الجھایا، اہم پہلو بےنقاب ہوگیا

فیڈرل بی ایریا میں مدنی مسجد کے باہر ٹارگٹ کلرزکی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، مقتول آصف کچلی تحریک انصاف کا سابق عہدے دار تھا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وارادات پر پہنچ گئی۔

ہفتے کی شام فیڈرل بی ایریا عائشہ منزل پر واقع مدنی مسجد کے باہر موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے مسجد سے نکلنے والا 42سالہ آصف ہارون کچلی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر عزیزآباد پولیس موقع پر پہنچ گئی جس نے لاش کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا، مقتول آصف ہارون کچلی تحریک انصاف ضلع وسطی کا سابق نائب صدر بتایا جاتاہے تاہم وہ کچھ عرصہ سے غیر فعال اور تبلیغی سرگرمیوں میں مصروف تھا، مقتول عزیر آباد ہی کے محلے صدیق آباد کا رہائشی تھا۔

مقتول کو نائن ایم ایم پستول کی دو گولیاں لگی ہیں، پولیس نے گولیوں کے خول فرانزک لیب بھجوا دیئے ہیں،مقتول پہلے کھارادر میں رہتا تھا اور بعد ازاں حسین آباد منتقل ہو گیا تھا۔ واضح رہے مدنی مسجد تبلغی جماعت کا کراچی میں دوسرا بڑا مرکز ہے جہاں پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کے افسران کے اعلی افسران موقع پر پہنچ گئے اور پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی ۔پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا لگتاہے تاہم پولیس مسجد کے اطراف میں پوچھ گچھ کے ساتھ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے جب کہ جائے وقوعہ سے گولیاں کے خول اکٹھے کر کے فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔

آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہو ئے ایس ایس سینٹرل سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ہدایت دی کہ جائے وقوعہ پر اکٹھا شواہد اورعینی شاہدین کے بیانات پر تفتیش کو کامیاب اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔ ماہر تفتیشی ٹیم مقرر کر کے کیس کو جلد حل کیا جائے اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

Related Articles

Back to top button