پاکستانی خبریں

مولانا فضل الرحمان کا حکومت مخالف مارچ کا اعلان، حکومت کو گھر بھیجنے کا عندیہ

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حکومت جعلی مینڈیٹ سے وجود میں آئی ہے، ناجائز حکومت کی نااہلیوں کی وجہ سے ملکی معیشت ڈوب چکی ہے۔ مذہبی حوالے سے پاکستانی مسلمان کرب کا شکار ہیں۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو بقا کا سوال پیدا ہوگیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے پورے ملک میں 15 ملین مارچ کیے ہیں۔ فیصلہ کیا ہے کہ پورے ملک سے قافلے 27 اکتوبر کو اسلام آباد آکر دم لیں گے، 27 اکتوبر کو ہم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) سے بھی رابطے میں رہیں گے، حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے آزادی مارچ کی تاریخ کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب اسلام اور قانون کی مخالف سمت میں کھڑے نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا مدارس کے معصوم بچوں کے سر پر سیاست نہ کریں۔ معصوم طالب علموں کو سیاسی مفاد کیلئے انسانی ڈھال بنانا جمہوریت نہیں اور عمران خان کے خلاف نکلنے کا مطلب کرپشن کو لائسنس کے مترادف ہے۔

Related Articles

Back to top button