پاکستانی خبریں

وزیرِاعظم سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی ملاقات، وزیرِ اعظم کو اقوامِ متحدہ میں عالمِ اسلام کی مؤثر نمائندگی پر خراج تحسین

وزیرِ اعظم عمران خان سےعالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی ملاقات ہوئی۔ علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے وزیرِ اعظم کو اقوامِ متحدہ میں عالمِ اسلام کی مؤثر نمائندگی اور مسلمانوں پر جاری مظالم اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان سے عالمی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی ملاقات ہوئی، علامہ صاحب نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کو امام علی رضا علیہ اسلام کی تعلیم کردہ دعا ہدیہ کی۔

علامہ شہنشاہ نقوی نے وزیرِ اعظم کو اقوامِ متحدہ میں عالمِ اسلام کی مؤثر نمائندگی، بڑھتے ہوئے اسلام وفوبیا اور مسلمانوں پر خطہِ ارض کے کونے کونے میں ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنے پر دادِ تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کو جس مدلل انداز سے دنیا کے سامنے اجاگر کیا اس کی مثال ستر سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔

علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے پاکستان کے اداروں میں وزیرِ اعظم کی زیرِ سر پرستی آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی اور بہتر بنائے جانے پر وزیرِ اعظم کی کوششوں کو بھی سراہا۔

عائلی قوانین اور آرٹیکل 227 کے نفاذ پر خصوصی گفتگو بھی ملاقات کا حصہ رہی۔ علامہ شہنشاہ نقوی نے وزیرِ اعظم کی ملکی امن وامان اور آزادیِ رائے کے تحفظ کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔

Related Articles

Back to top button