پاکستانی خبریں

کشمیر پر حملے سے لیکر تقریر تک وزیراعظم نے کیا کیا؟ بلاول نے عمران خان سے کیا بڑا سوال

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پوری تقریر کشمیر پر کرنی چاہیے تھی۔

سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر پر حملے سے لیکر تقریر تک خان صاحب نےکیا کیا؟ کتنے ممالک کے دورےکیے، انہوں نے چند باتیں اقوام متحدہ میں کی ہیں اور اس کے علاوہ اور کیا کیا؟

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت تقریر کے گُن گا رہی ہے لیکن پوری قوم خاص طور پر کشمیر کی عوام مایوس ہے کہ کٹھ پتلی نے مسئلہ کشمیر کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔

عمران خان کے ذوالقفار علی بھٹو سے موازنے کے حوالے سے پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’کاش ایسا ہوتا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں پر حملہ ہوا ہے، ان کے مسائل کا حل نکالنا ہے، ہم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم بے بسی سےکہیں کہ میں کیاکروں؟ تو عوام مایوس ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ ہم ملک بھر میں احتجاجی جلسے کریں گے اور عوام دشمن، نااہل اور نالائق حکومت کو گھر بھیجیں گے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے بعد وطن واپسی پر وزیراعظم کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے پر وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

 

Related Articles

Back to top button