پاکستانی خبریں

پاکستان کے عوام روسی صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں: عمران خان

وزیراعظم عمران خان سے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاواروف کی ملاقات ،عمران خان کی روسی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت ،پاکستان کے عوام روسی صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سے روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاواروف نے ملاقات کی ۔دونوں رہنماﺅں نے دو طرفہ تعاون کے فروغ کے لئے مختلف پہلووؤں پر تبادلہ خیال اورپاک روس دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویش ناک صورتحال سے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے جا پابندیاں ختم کروانے کے لیے عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر دہشت گردوں کی معاونت کے جھوٹے الزامات لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔روسی وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ روس نے گذشتہ ماہ،مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے اجلاس کے انعقاد کی مخالفت نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اورروس مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر رابطے میں ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ایک مرتبہ پھر دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔

وزیر اعظم نے روسی صدر کودورہ پاکستان کی دعوت روسی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران دی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہناتھا کہ پاکستان کے عوام روسی صدر کے دورہ کے منتظر ہیں۔

Related Articles

Back to top button