پاکستانی خبریں

وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر سے ملاقات، ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان اور بھارت میں پھر ثالثی کی پیشکش

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر طویل عرصے سے حل طلب ہے اور اگر دونوں ممالک چاہیں تو ثالثی کے لیے تیار ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس قبل مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال سمیت دیگر معاملات پر مختلف ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں۔

نیویارک میں وزیراعظم عمران خان کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ‘میں مدد کے لیے تیار ہوں اور یہ دونوں رہنماؤں پر منحصر ہے کہ کیا ثالثی چاہتے ہیں، یہ گھمبیر مسئلہ ہے جو طویل عرصے سے جاری ہے لیکن میں مدد کرنے کے لیے تیار ہوں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ میرے بڑے اچھے تعلقات ہیں اور اگر کسی بھی وقت ثالثی کا کہیں گے تو میں اچھا ثالث ہوں گا لیکن ہم کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو دوسرے فریق کو بھی سامنے رکھنا ہوگا’۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن بھارت تیار نہیں اور یہ مسئلہ خطرناک ہے۔

 ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ‘مجھ سے قبل امریکی قیادت نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا، وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم سے بہت اچھے تعلقات ہیں’۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘میں افغان مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہوں یہ مسئلہ ہمارے لیے بہت اہم ہے’۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے امریکی کونسل فار فارن ریلیشنز سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد امریکا کی جنگ میں شامل ہوکر بہت بڑی غلطی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 2008 میں امریکا آیا تو ڈیموکریٹس کو بتایا تھا کہ افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار لوگوں نے جانیں قربان کیں، 200 ملین ڈالرز کا نقصان ہوا۔

عمران خان نے کہا کہ سوویت فوج نے افغانستان میں جنگ کے دوران 10 لاکھ شہریوں کو ہلاک کیا، پاکستان میں 27 لاکھ افغان پناہ گزین رہ رہے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز امریکی شہر ہیوسٹن میں ’ہاؤڈی مودی!‘ ریلی میں امریکی صدر اور وزیراعظم نریندر مودی نے خطاب کیا تھا، تاہم اسی دوران ریلی کے مقام سے باہر لوگوں کی بڑی تعداد نے مودی مخالف احتجاج کیا تھا۔

 

 

Related Articles

Back to top button