شہید میجر عدیل ذاتی زندگی میں بھی بلند کردار شخصیت، شہید کی بیوہ سے شادی کی، دو جڑواں بیٹیاں بھی ہیں

مہمند ضلع میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پر وطن پر جان نچھاور کرنے والے شہید میجرعدیل ذاتی زندگی میں بھی بلند کردار شخصیت تھے، شہید ساتھی کی بیوہ سے شادی کی اور ان کی بیٹی کو حقیقی باپ کا پیاردیا مگرزندگی نے وفا نہ کی اور وطن پرقربان ہوگئے۔

میجرعدیل شاہد شہید ذاتی زندگی میں بھی شاندار صفات کے حامل تھے اور آپریشن ضرب عضب کے دوران بھی پوری جانفشانی سے وطن کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا اور اس دوران ان کا بہترین دوست کیپٹن مجاہد ایک روز دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہوگیا۔ 

میجرعدیل شاہد نے شہادت سے پہلے کیپٹن مجاہد سے کیا گیا وعدہ وفا کیا اور کیپٹن مجاہد کی بیوہ صالحہ سے عدت مکمل ہونے پر شادی کی۔ میجر عادل شہید نہ صرف جوانسال صالحہ کی بیوگی میں سہارا بنے بلکہ کیپٹن مجاہد کی ایک سالہ بچی کو حقیقی باپ کا پیار بھی دیا۔

میجر عدیل شادی کے ایک سال بعد دو جڑواں بیٹیوں کے باپ بنے یوں انکے گھر میں تین شہزادیاں ہوگئیں مگر کسے معلوم تھا کہ قدرت نے ان کی اہلیہ صالحہ کی قسمت میں کیا لکھا ہے وہ ایک بار پھر نہ صرف بیوہ ہوئیں، بلکہ دو شہیدوں کی بیوہ ہونے کا فخر بھی پایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں