پاکستانی خبریں

چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے: وزیرداخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات ہوئی جس دوران دونوں نے ، پاک چین تعلقات کےفروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

محسن نقوی نے چین کے سفارتخانے کا دورہ کیا، چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت کی۔

اس کے علاوہ پاک چین تعلقات کےفروغ اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محسن نقوی نے سی پیک اور دیگر منصوبوں پرکام کرنے والے چینی انجینئرز اور عملے کے سیکیورٹی پلان پر بھی بریفنگ دی، چینی سفیر نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ چین سے دوستی کا رشتہ مضبوط ہوا ہے، چینی صدر، وزیراعظم اور اعلیٰ قیادت نےہمیشہ پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے لیے جامع اور مؤثر ایس او پیز بنائے ہیں، اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کے لیے الگ فورس ایس پی یو بنائی جارہی ہے، پاکستان کی تعمیر وترقی کے لیے کام کرنے والے چینی بھائیوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کوشش ہے کہ کسی چینی شہری پر ذرہ بھربھی آنچ نہ آئے۔

انہوں نے بتایا کہ پاک چین کی لازوال دوستی میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ایسی کسی سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

بعد ازاں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے دوست ہیں، ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button