پاکستانی خبریں

یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد میں آج ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یوم عاشور کے موقع پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں عظیم قربانی پیش کرکے اسلام کو ہمیشہ کے لیے سربلند کردی۔

حق و باطل کے اس معرکے کی یاد میں آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں علم، شبیہہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لئے نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہزاروں اہلکار تعینات کئے گئے ہیں بلکہ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز کو بھی اہم شاہراوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

جلوسوں کی فضائی نگرانی کے ساتھ گزر گاہوں پر فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جبکہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون کی بندش کے ساتھ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

یوم عاشور کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوں گے، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔

کراچی، لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں جلوسوں کے روٹ پر لنک روڈز کو کنٹینرز اور قناتیں لگا کر بند کیا گیا ہے اور مسلسل فضائی نگرانی بھی جاری ہے، خواتین پولیس اہلکار کی بڑی تعداد بھی مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔

سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی سمیت کئی شہروں میں موبائل فون سروس صبح سے ہی بند کردی جائے گی جبکہ انٹرنیٹ وائی فائی سروس بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

Related Articles

Back to top button