بین الاقوامی

سعودی وفد سفارت خانہ و قونصلیٹ کھولنے پر بات چیت کیلئے ایران پہنچ گیا

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سفارت خانہ و قونصلیٹ کھولنے پر بات چیت کے لیے اس کا سفارتی وفد سات برس بعد ایران پہنچ گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ چین کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان 10 مارچ کو طے پانے والے سہ فریقی معاہدے پر عمل درآمد…

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ سعودی حکام تہران میں ریاض کے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے کو دوبارہ کھولنے کے طریقہ کار پر بات چیت کے لیے ایران پہنچے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ چین کی ثالثی میں دونوں ممالک کے درمیان 10 مارچ کو طے پانے والے سہ فریقی معاہدے پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق برسوں کی دشمنی کے بعد ایران اور سعودی عرب نے مارچ میں اپنے سفارتی اختلافات کو ختم کرنے اور اپنے سفارتی مشن دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے درمیان اس معاہدے کو طے کرنے میں مدد کی جس نے امریکا کو سائیڈ لائن پر کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 6 اپریل کو دونوں وزرائے خارجہ نے چین میں اہم ملاقات کی تھی جس میں دونوں ممالک کے درمیان پروازیں بحال اور شہریوں کو ویزا کی سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

عرب نیوز پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کی طرف سے پروازیں بحال کرنے اور عمرہ کے لیے ویزے جاری کرنے کا فیصلہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ کی میزبانی میں ہونے والی ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔

چین میں ملاقات کے اختتام کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو مملکت کا دورہ کرنے اور ریاض میں دو طرفہ ملاقات کی دعوت کی تجدید کی۔

قبل ازیں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیرعبداللہیان سے ملاقات کی تھی۔

یہ 7 سال سے زائد عرصے کے بعد دونوں ملکوں کے اعلٰی ترین سفارت کاروں کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات ہے جس میں دونوں ممالک کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

یہ پیش رفت حریف تصور کیے جانے والے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے چین کی ثالثی کے نتیجے میں طے پائے جانے والے معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے، گزشتہ ماہ ایران اور سعودی عرب نے تعلقات بحال کرنے اور سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کرلیا تھا۔

مارچ میں چین کے صدر شی جن پنگ نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان 7 برسوں سے موجود گہری دراڑ کو ختم کرنے اور سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے ایک غیرمعمولی معاہدے میں معاونت کی جوکہ اس خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو عیاں کرتا ہے، شی جن پنگ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے ساتھ فون پر کئی امور پر بات چیت کی تھی۔

 

 

Related Articles

Back to top button