بین الاقوامی

روس کا بیلاروس کیساتھ جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ؛ نیٹو اور یورپی یونین نے معاہدے کو خطرناک قرار دیدیا

نیٹو اور یورپی یونین نے روس کے بیلاروس کے ساتھ جوہری ہتھیار رکھنے کے معاہدے کو خطرناک اور اشتعال انگیز قرار دے دیا۔

گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بیلاروس میں اپنے جوہری ہتھیار رکھنے کا معاہدہ ہونے کا اعلان کیا۔

روس کے بیلاروس کی سرزمین پر جوہری ہتھیار رکھنے کے معاہدے پر ردعمل دیتے ہوئے یورپی یونین خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بورل کا کہنا ہے کہ بیلاروس کا روسی جوہری ہتھیاروں کی میزبانی کرنا یورپی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ بیلاروس کو اختیار ہے کہ وہ روسی جوہری ہتھیاروں کی میزبانی نہ کرے،یورپی یونین مزید پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہے، بیلاروس کا روسی جوہری ہتھیاروں کی میزبانی کرنا غیرذمہ دارانہ اشتعال انگیزی ہوگا۔

دوسری جانب ترجمان نیٹو کا کہنا ہے کہ ہم نے صورتحال پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے، روس کی جوہری حالت میں ابھی ایسی کوئی تبدیلی نہیں دیکھی جس پر ہمیں تیاری کی ضرورت ہو۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ نیٹو کے جوہری ہتھیار اشتراک کا روسی حوالہ مکمل طور پر گمراہ کُن ہے، نیٹو کے اتحادی بین الاقوامی وعدوں پر پورے احترام کے ساتھ عمل کرتے ہیں، روس نے ہی اپنے ہتھیاروں کے کنٹرول کے وعدوں کو مسلسل توڑا ہے۔

Related Articles

Back to top button