بین الاقوامی

چین کے مشرقی صوبے زی جیانگ میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 49 ہوگئی

چین کے مشرقی صوبے زی جیانگ میں سمندری طوفان ‘لیکیما’ سے ہونے والی ہلاکتیں 49 ہو گئی ہیں اور اب بھی 21 افراد لاپتہ ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق زی جیانگ صوبے کے متاثرہ شہروں کی گلیوں میں کیچڑ پھیلا ہوا ہے اور زمین بوس درختوں کے ساتھ ساتھ مکانات کی ٹوٹی ہوئی چھتوں کا ملبہ بھی بکھرا ہوا ہے۔

صوبائی حکام کے مطابق اس طوفان سے چینی معیشت کو 3.7 ارب امریکی ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طاقتور سمندری طوفان لیکیما سے تقریباً 600 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

یہ طوفان زی جیانگ کی ساحلی پٹی سے 10 اگست کی صبح 190 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی ہوا کے دباؤ کے ساتھ ٹکرایا تھا جس کی وجہ سے ساحل پر کئی فٹ اونچی لہریں پیدا ہوئیں جنہوں نے ساحلی پٹی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

چینی میڈیا پر دکھائی گئی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ریسکیو اہلکار کشتیوں پر پھنسے افراد کو نکالتے رہے۔

طوفان کی وجہ سے ہزاروں پروازیں اور ٹرینیں منسوخ ہو گئیں۔

طوفان کے باعث ساحلی پٹی کے نزدیک قائم شنگھائی ڈزنی لینڈ سمیت ہزاروں سیاحتی مقامات کو بند کردیا گیا۔

Related Articles

Back to top button