بین الاقوامی

نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان، چین نے جنگی مشقیں شروع کر دی

امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر چین نے تائیوان کے قریب سب سے بڑی جنگی مشقوں کا آغاز کر دیا۔

چین نے امریکا کو خبردار کیا تھا کہ اگر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چین کی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی لیکن اس کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان کے دورے پر پہنچ گئیں جس پر امریکا اور چین کے درمیان تناؤ مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چین نے تائیوان اور اس کے گرد موجود سمندروں میں سب سے بڑی فوجی مشقیں شروع کر دی ہیں، بعض مقامات پر تائیوان سے صرف 12 میل کے فاصلے پر جدید ہتھیاروں کے ساتھ جنگی مشقیں شروع کی گئی ہیں۔

چینی حکام کے مطابق جنگی مشقیں مصروف پانیوں میں کی جائیں گی جس میں دور تک مار کرنے والے میزائلوں کا براہ راست مشاہدہ بھی شامل ہے۔

تائیوان کی جانب سے چینی مشقوں کو سمندری اور فضائی حدود بند کرنے سے تشبیہ دی گئی ہے جبکہ امریکا نے چین کی جنگی مشقوں کو غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا ہے۔

تائیوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چین ہمارے خطے کے اسٹیٹس کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جبکہ چین تائیوان کو اپنا صوبہ تصور کرتا ہے اور اسے اپنے ساتھ ملانے کے لیے پرعزم ہے۔

Related Articles

Back to top button