بین الاقوامی

جعلی پاسپورٹ جاری کرنےکا الزام، ترکی میں امریکی سفارتکار گرفتار

ترکی میں امریکی سفارتکار کو جعلی پاسپورٹ جاری کرنےکے الزام میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔

ترک میڈیا کے مطابق گرفتار امریکی سفارتکار لبنان میں امریکی قونصل خانے کا رکن ہے۔

ترک پولیس کے مطابق 11 نومبر کو استنبول ائیرپورٹ پر جرمنی جانے کی کوشش کرنے والا جعلی پاسپورٹ کا حامل ایک شامی شہری پکڑا گیا تھا، گرفتار شخص نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اسے جعلی پاسپورٹ ایک شخص نے 10ہزار ڈالر میں دیا۔

ترک حکام نے شامی شہری کی گواہی پر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا اور ایک شخص کو حراست میں لیا جسے شامی شہری کو پاسپورٹ دیتے اور ایک دوسرے سے کپڑوں کا تبادلہ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ حراست میں لیا جانے والا شخص لبنان میں امریکی قونصل خانے کا رکن ہے اور شامی شہری کو دیا گیا پاسپورٹ بھی اسی کے نام پر تھا۔ اس کے علاوہ سفارتکار سے ایک لفافہ بھی برآمد ہوا جس میں 10 ہزار ڈالر موجود تھے۔

ترک پولیس کے مطابق گرفتار مسافر ضمانت پر رہا ہوگیا ہے جبکہ امریکی سفارتکار کو جیل بھیج دیاگیا ہے۔

Related Articles

Back to top button