بین الاقوامی

سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے لاکھوں ڈالرز اور سونے کی اینٹیں برآمد، ویڈیو جاری

طالبان نے امراللہ صالح کے گھر سے لاکھوں ڈالرز اور سونے کی اینٹیں برآمد کر لیں۔ طالبان کے ملٹی میڈیا برانچ کے سربراہ احمد اللہ متقی نے امراللہ صالح کے گھر سے رقم برآمدگی کی تصدیق کی ہے۔

طالبان نے سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کے گھر سے 6.5 ملین ڈالرز اور سونے کی 18 اینٹیں برآمد کی ہیں۔

طالبان کے ملٹی میڈیا برانچ کے سربراہ احمد اللہ متقی نے امراللہ صالح کے گھر سے رقم برآمدگی کی تصدیق کی ہے، انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر افغانستان کی انٹیلیجنس سروس کے سابق سربراہ کے گھر کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

افغانستان کے مفرور صدر اشرف غنی کے دور میں امر اللہ صالح نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے، انھوں نے اشرف غنی کے ملک سے فرار ہونے کے بعد خود کو صدر قرار دیا تھا، اشرف غنی کے دور میں امراللہ صالح کو وزیر داخلہ بھی بنایا گیا تھا۔

 امراللہ صالح نے لوگوں سے وادئ پنجشیر کی مزاحمت میں شریک ہونے کا بھی کہا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی طالبان کے ساتھ ایک چھت کے تلے نہیں بیٹھیں گے، کبھی بھی نہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق امراللہ صالح افغانستان سے فرار ہو چکے ہیں، جب کہ احمد مسعود بھی منظر سے غائب ہیں، دو دن قبل امر اللہ صالح کے بھائی روح اللہ عزیزی کو بھی قتل کر دیا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button