بین الاقوامی

سعودی عرب کا کورونا سے جاں بحق طبی عملے کے لواحقین کو 5 لاکھ ریال دینے کا اعلان

سعودی عرب نے مریضوں کے علاج کے دوران عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے طبی عملے کے لواحقین کو ایک لاکھ 33 ہزار ڈالر (5 لاکھ سعودی ریال) معاوضے کے طور پر دینے کا اعلان کردیا۔

صحت کے شعبے سے وابستہ تمام ملازمین، جن کا انتقال کورونا وائرس سے ہوا اس سے قطع نظر کہ وہ سعودی شہری تھے یا غیر ملکی، انہوں نے سرکاری یا نجی سیکٹر یا سول یا ملٹری سیکٹر میں کام کیا ہو، ان کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 5 لاکھ سعودی ریال ان ہیلتھ ورکرز کے لواحقین کو دیے جائیں گے جو شعبہ طب میں کورونا وائرس سے متعلق خدمات کی ادائیگی کے نتیجے میں انتقال کرگئے۔

اس حوالے سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ طبی عملے نے عالمی وبا کے خلاف جنگ میں مملکت کے شہریوں اور رہائشیوں کی صحت اور تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔

سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ‘سعودی مملکت ہیلتھ ورکرزر کی ان قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے جو انہوں نے وبا سے متاثرہ افراد کی مدد کے دوران دیں اور اس عالمی وبا کا مقابلہ کیا’۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سعودی عرب میں شعبہ صحت سے وابستہ عملہ وبا پر قابو پانے کے لیے متحد ہے اور رہائشیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کررہا ہے اور اس ضمن میں تمام موجودہ وسائل اور فنڈز استعمال ہورہے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک 5 لاکھ 32 ہزار 785 افراد کورونا وائرس سے متاثر جبکہ 8 ہزار 320 انتقال کرچکے ہیں۔

ساتھ ہی 7 اگست تک سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کے 2 کروڑ 90 لاکھ ڈوز لگائے جاچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button