بین الاقوامی

افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل 90 فیصد مکمل، پینٹاگون

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ افغانستان سے انخلا کے بعد بھی فضائی صلاحیت برقرار رکھیں گے کیونکہ مستحکم اور محفوظ افغانستان کے لیے ہمارا عزم تبدیل نہیں ہوا۔

پینٹاگون کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے کنٹریکٹرز افغان سیکیورٹی فورسز اور افغان فضائیہ کی معاونت کر رہے ہیں جبکہ مشرق وسطیٰ میں اسٹرائیک گروپ افغانستان کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کا عمل تقریباً 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ بگرام اڈے سے انخلا پر افغان حکومت اور سیکیورٹی فورسز سے ہم آہنگی رہی۔ بگرام آخری فضائی اڈا ہے جس کو افغان سیکیورٹی فورسز کے حوالے کیا گیا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فوج کی کچھ تعداد سفارت کاروں کی حفاظت کے لیے موجود رہے گی۔

یاد رہے امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں افغان فوج اورطالبان کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات بھی ہیں اور افغان طالبان اب تک 200 سے زائد اضلاع پر قبضہ کر چکے ہیں۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح ﷲ مجاہد کا کہنا تھا کہ میدان جنگ میں مضبوط پوزیشن کے باوجود ہم مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں اور آئندہ ماہ مذاکرات میں تحریری امن منصوبہ افغان حکومت کو پیش کریں گے۔

Related Articles

Back to top button