بین الاقوامی

جاپان کے شہر کیوٹو میں اینی میشن اسٹوڈیو پر حملہ، 24 افراد ہلاک

جاپان کے شہر کیوٹو کے مقامی اینی میشن اسٹوڈیو پر آتش گیر مادے سے حملے میں 24 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مقامی پولیس کا کہنا ہےکہ ایک نامعلوم شخص نے اسٹوڈیو میں گھس کر توڑ پھوڑ کی جس کے بعد ایک مادہ پھینکا جس سے اسٹوڈیو میں آگ بھڑک اٹھی۔

واقعہ جمعرات کی صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں تین منزلہ عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے میں 24 افراد ہلاک اور 35 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ واقعے میں ملوث مشتبہ شخص بھی زخمی ہوا ہے جسے حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی پولیس ترجمان کا کہنا ہےکہ ایک شخص نے اسٹوڈیو میں مادہ پھینکا جس سے آگ بھڑک اٹھی، واقعے میں ملوث شخص کے بارے میں مزید تفصیلات موصول نہیں ہوئیں جب کہ اس حملے کے مقاصد کا بھی پتا نہیں چل سکا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہےکہ انہوں نے جائے وقوعہ کے قریب زوردار دھماکوں کی آوازیں بھی سنیں جب کہ بعد میں لوگوں کو کمبلوں میں لپٹے دیکھا۔

Related Articles

Back to top button