بین الاقوامی

فرانس میں ایک شخص کی فائرنگ، تین پولیس اہلکار ہلاک کر دیئے

فرانس میں ایک شخص نے فائرنگ کر کے تین پولیس اہلکار ہلاک کر دیے، کچھ دیر بعد مشتبہ شخص کی بھی لاش مل گئی۔

وسطی فرانس میں پولیس اہل کار گھریلو جھگڑے کی شکایت پر خاتون کی مدد کو پہنچے تو خود شکار ہو گئے۔

پولیس اہلکار حملہ آور کی بیوی کے فون پر اس کی مدد کے لیے پہنچے تھے، تاہم ریسکیو آپریشن کے دوران مشتعل ملزم نے اہل کاروں پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے بعد ملزم گھر میں آگ لگا کر فرار ہوگیا تھا، لیکن کچھ دیر بعد علاقے میں اس کی لاش اس کی کار کے پاس مل گئی، پولیس نے متاثرہ خاتون کوگھر کی چھت سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔

پیرس کی پولیس کا کہنا تھا کہ حملہ آور کی عمر 48 سال ہے، حملہ آور کی تلاش کے لیے آرمی کے 300 کے نوجوانوں کو طلب کیا گیا تھا، لیکن اس نے خود کشی کر لی۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ آدھی رات کو پولیس کو ایک خاتون کی کال موصول ہوئی تھی، جس پر اہل کار سینٹ جسٹ میں واقع اس کے گھر پہنچے، خاتون اپنے شوہر سے خود کو بچانے کے لیے چھت پر چڑھ گئی تھی، مشتعل شخص نے اہل کاروں کو دیکھتے ہی فائر کھول دیا جس سے تین اہل کار ہلاک ہو گئے۔

اہل کاروں کی ہلاکت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان اہل کاروں کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہے، ہماری فورسز جانیں قربان کر کے ہماری حفاظت کرتی ہیں، یہ ہمارے ہیرو ہیں۔

Related Articles

Back to top button