افغانستان میں قرآن خوانی کے دوران خوفناک دھماکہ، 15 افراد جاں بحق، کئی زخمی

افغانستان میں قرآن خوانی کے دوران خوفناک دھماکہ، 15 افراد جاں بحق، کئی زخمی

افغانستان کے صوبے غزنی کے ضلع میں قرآن خوانی کے دوران خوفناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

افغانستان کے صوبے غزنی کے ضلع گیلان میں خوفناک بم دھماکا ہوا، دہشت گردوں نے بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا تھا۔

افغان وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آغو جان گاؤں میں قرآن خوانی جاری تھی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد افرادشریک تھے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق قرآن خوانی کے دوران مکان کے باہر کھڑی موٹرسائیکل زور دار دھماکے سے پھٹی، جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 2 درجن کے قریب زخمی ہوئے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے، جس کے پیش نظر ڈاکٹرز نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ غزنی میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی جبکہ پولیس اور فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں