بین الاقوامی

ٹرمپ نے جوبائیڈ ن کو اختیارات منتقل کرنے کی منظوری دے دی

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈ ن کو اختیارات منتقل کرنے کی منظوری دے دی، سربرا ہ جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن نے نومنتخب صدر کو آگاہ کردیا ہے۔ اب جوبائیڈ ن انتظامیہ حکومت سازی کیلئے حکومتی فنڈزاستعمال کر سکیں گے۔

امریکہ میں اقتدار کی منتقلی کی ذمہ داری وفاقی ایجنسی جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن کی ہوتی ہے۔

ٹرمپ نے وفاقی ایجنسی کو ہدایات دی ہیں کہ جو کچھ کرنا ہے وہ کریں۔ ہماری قانونی جنگ جاری رہے گی۔

اہم ریاستوں میں ٹرمپ اور ان کے ساتھیوں نے انتخابی عملی کو چیلنج کیا تھا لیکن متعدد بار عدالتوں میں ان کے خلاف فیصلہ سنایا گیا ہے۔

قبل ازیں بعض رپبلکن رہنماؤں نے بھی ٹرمپ کو شکست تسلیم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

جو بائیڈن 20 جنوری کو اپنے نئے عہدے کا حلف لیں گے۔ تقریب حلف برداری کے بعد موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نئے مکین کے لیے وائٹ ہاؤس کو خالی کردیں گے۔

نو منتخب صدر جو بائیڈن نے منصب کا حلف اٹھانے سے قبل اپنی کابینہ تشکیل دینا شروع کردی ہے۔ جوبائیڈن نے جان کیری کو صدر کا نمائندہ خصوصی برائے ماحولیات نامزد کیا ہے۔

جان کیری سابق امریکی صدر بارک اوبامہ کے دور میں سیکریٹری خارجہ کے منصب پہ فائز تھے۔ انہوں نے 2015 میں ایران کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

جوبائیڈن نے انٹونی بلنکین کو سیکریٹری خارجہ نامزد کیا ہے۔ وہ نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری کے بعد موجودہ سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کی جگہ سنبھالیں گے۔

داخلی سلامتی کے لیے کیوبن نژاد امریکی الیجانڈرو مایورکس، قومی سلامتی کے مشیر کے لیے جیک سلیوین اور اقوام متحدہ میں امریکی سفیر کے لیے سیاہ فام سفارتکا لنڈا تھامس گرین فیلڈ کو نامزد کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button