بین الاقوامی

امریکی صدارتی انتخابات، ڈونلڈ ٹرمپ نے تین ریاستوں کے انتخابی نتائج چیلنج کر دیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین ریاستوں کے انتخابی نتائج چیلنج کر دیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ری پبلکن کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست مشی گن، ریاست وسکونسن اور پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی روکنے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عدالت میں دائر کردہ درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کو ووٹوں کی گنتی کے دوران مناسب رسائی حاصل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی صدر بار بار ووٹوں کی گنتی میں دھوکے کا خدشہ ظاہر کرتے رہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے پہلے ہی سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر رکھا تھا۔

امریکی صدر نے گزشتہ روز اچانک نتائج رک جانے پر بیان جاری کیا تھا کہ اچانک نتائج رک جانا دھوکہ ہے اور اس سے دھاندلی کے شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔

اس سے قبل ورجینیا کے دورے کے موقع پر امریکی صدر نے کہا تھا کہ صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان تین نومبر کو ہی ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو ہفتوں پہلے ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ارلی ووٹنگ امریکہ کے لیے بہت خطرناک ہے۔

Related Articles

Back to top button