کورونا وائرس کی دوسری ویکسین کی تیاری کا بھی دعویٰ، روسی صدر کا بیان جاری

روس کے صدر ولادی میرپیوٹن نے کورونا وائرس کی پہلی ویکسین کے بعد دوسری ویکسین کی تیاری کا بھی دعویٰ کردیا ہے، حکومت نے رجسٹر کرلی۔

روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے اعلان کیا ہے کہ دوسری تیار ہونے والی ویکسین کا نام ایپی ویک کورونا ہے، جسے حکومت نے رجسٹر کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روسی ساختہ تیسری کورونا ویکسین کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔ جبکہ پہلی ویکسین ‘سپتنک وی’ کے تیسرے مرحلے کے تجربات جلد شروع ہوں گے، اس دوران 40 ہزار رضاکاروں کو ویکسین لگائی جائے گی۔

روسی ساختہ دوسری کورونا ویکسین روس کے شہر نووسیبیر سک میں حیاتیاتی تحقیقی مرکز ‘ویکٹر’ کے تعاون سے تیار کی گئی ہے، ویکٹر ایک عالمی معیار کی وائرولوجی اور بائیو ٹیکنالوجی تنصیبات میں سے ایک ہے۔

یہ طبی مرکز اس سے قبل ایبولا، سارس اور چیچک سمیت دیگر مہلک وائرس کے خلاف ویکسن تیار کر جاچکا ہے۔ جبکہ تیسری کرونا ویکسین ماسکو میں چومکوف فیڈرل سائنٹیفک سینٹر تیار کررہی ہے۔

خیال رہے کہ روسی ساختہ کروناویکسین سے متعلق امریکی تحفظات پر روس اپنی ویکسین کے حوالے سے معلومات امریکا کو دینے کی پیش کش کرچکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں