ٹرمپ نے اسپتال سے نکل کرکورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی: طبی ماہرین

کورونا وائرس کا شکار امریکی صدر اسپتال سے باہر نکلنے پرتنقید کی زد میں آ گئے ، طبی ماہرین کا کہنا ہے کورونا میں مبتلا ٹرمپ اسپتال سے باہر نکل کر کورونا ایس او پیز کی خلاف وررزی ہے۔

کورونا میں مبتلا امریکی صدر ماسک پہنے گاڑی میں بیٹھ کر اسپتال سے باہر نکل آئے، انہوں نے حامیوں کو دیکھ گاڑی میں بیٹھے بیٹھے ہاتھ ہلایا، ٹرمپ کچھ دیر بعد واپس اسپتال میں چلے گئے۔

گاڑی میں بیٹھ کر حامیوں کے پاس جانے سے پہلے ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنی وڈیو بھی جاری کی۔

طبی ماہرین نے صدر ٹرمپ کے اقدام کو کورونا کے پھیلاؤ کاباعث قرار دیا ہے ،وائٹ ہاؤس حکام نے ٹرمپ کے اقدامات کی حمایت میں بیان داغ دیا کہ ایسا کرنے سے کوئی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔

اسپتال سے جاری وڈیو بیان میں ٹرمپ نے کہا کورونا سے متعلق بہت کچھ سیکھا ہے، جس طرح اسکول میں سیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ والٹرریڈ اسپتال کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کی جانب سے بہتر خیال رکھنے پر شکر گزار ہیں۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کی میڈیکل ٹیم نے امریکی صدر کی طبیعت سے متعلق بریفنگ میں بتایا صدر ٹرمپ کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے، ٹرمپ کو جمعہ کی صبح سے اب تک بخار نہیں ہوا۔

جگر اور گردے بالکل ٹھیک کام کر رہے ہیں، ٹرمپ کو خون میں آکسیجن کی کمی پر سٹیرائڈز دیے گئے ،جلد اسپتال سے فراغت متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں