بین الاقوامی

سعودی حکومت نے شہریوں کو کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے ریلیف دے دیا

سعودی حکومت نے شہریوں کو کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے بڑا ریلیف دے دیا اور کہا صرف غیر ملکی ویزہ ہولڈرز 72 گھنٹےکی کورونا ٹیسٹ رپورٹ جمع کرائیں۔

سعودی حکومت نے سعودی باشندوں کو کورونا ٹیسٹ سے مستثنیٰ قرار دے دیا ، اس حوالے سے سعودی سول ایوی ایشن گاکا نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کردی ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ صرف غیر ملکی ویزہ ہولڈرز 72 گھنٹےکی کوروناٹیسٹ رپورٹ جمع کرائیں ۔

ایڈوائزی میں کہا ہے کہ 8 سال سےکم عمر غیرملکی بھی کورونا ٹیسٹ سےمستثنیٰ ہوں گے۔  پاکستانی مسافروں کیلئے 7 لیبارٹریاں کورونا ٹیسٹ کیلئے مخصوص ہیں۔ مخصوص لیبارٹریز کےعلاوہ کسی لیبارٹری کا ٹیسٹ قبول نہیں ہوگا۔

خیال رہے کورونا وائرس کے باعث 7 ماہ بعد عمرہ ادائیگی کا دوبارہ آغاز ہوگیا ہے۔ پہلے مرحلے میں روزانہ 6 ہزار سعودی شہری عمرہ ادا کرسکیں گے۔ زائرین 6 مختلف اوقات میں عمرہ ادا کرسکیں گے۔ عمرہ زائرین کو عمرے کی ادائیگی کے لیے 3 گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ 18 اکتوبر سے عمرہ زائرین کی تعداد 15 ہزار تک بڑھا دی جائے گی۔

یاد رہے تین روز قبل سعودی ایوی ایشن نے کورونا سے متعلق نئے سفری پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ جس میں پاکستان سمیت دیگر ممالک سے سعودی عرب آنے والی پروازوں کو ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم قرار دیا گیا تھا ۔

جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب آنے والے مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے پہلے کورونا کا منفی ٹیسٹ دکھانا لازم ہوگا جبکہ آٹھ سال سے زائد عمر کے تمام نان سعودی مسافروں کو سفر سے 72 گھنٹے پہلے کا کورونا منفی ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا لازمی ہو گا۔

Related Articles

Back to top button