بین الاقوامی

کورونا وائرس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اسپتال منتقل کر دیا گیا

کورونا وائرس سے متاثر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ ماسک لگا کر بذریعہ ہیلی کاپٹراسپتال پہنچے تاہم خاتون اول میلانیا ٹرمپ کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔

وائٹ ہاؤس انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ کا کورونا علاج شروع کر دیا گیا ہے، ان میں کورونا وائرس کی درمیانے درجے کی علامات ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بخار، سینے میں درد اور کھانسی ہے۔ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا، داماد اور نائب صدر کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد امریکی صدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پہلا پیغام شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سب کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خود کو بہتر محسوس کر رہا ہوں۔

گزشتہ روز امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد دونوں قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ خاتون اول میلانیا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور ہم نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ ہم اس وبا سے مل کر نمٹیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار ماسک پہننے کی ہدایات نظر انداز کیں، انہوں نے دو روز قبل انتخابی مباحثے میں بھی بغیر ماسک پہنے شرکت کی تھی۔

کورونا سے جہاں دنیا بھر میں روزانہ سیکڑوں ہلاکتیں ہوتی رہیں، وہیں ڈونلڈ ٹرمپ کا اس حوالے سے رویہ ہمیشہ غیر سنجیدہ رہا۔

ڈاکٹرز اور ماہرین کی طرف سے ماسک لگانے کی بار بار ہدایات کے باوجود ٹرمپ نے کئی مواقع پر ماسک نہیں لگایا۔

ماسک پہننے کی پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ یہ پابندی نہیں لگائیں گے کہ ماسک لازمی پہنا جائے۔

دو روز قبل بھی صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے ساتھ پہلے مباحثے میں شریک صدر ٹرمپ نے ماسک پہننے پر جو بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا

مباحثے کے دوران ٹرمپ کے اہلِ خانہ بھی بغیر ماسک کے موجود تھے

امریکی صدر نے جیب سے ماسک نکال کر کہا تھا کہ جب انہیں ضرورت ہوگی وہ ماسک پہن لیں گے۔

Related Articles

Back to top button