بین الاقوامی

امریکا نے ایمریٹس ایئرلائن پر 4 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا

امریکا نے ایرانی فضائی حدود استعمال کرکے ملک میں آنے والی پروازوں پر ایئرلائن ایمریٹس پر 4 لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فضائی کمپنی ایمریٹس کی کئی پروازیں جولائی کے مہینے میں ایران کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے امریکا میں داخل ہوئی تھیں جس پر امریکی ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ نے ایمریٹس پر 4 لاکھ ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

امریکی ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ کا دعویٰ ہے کہ ایمریٹس کی پروازوں نے نیو یارک میں واقع جیٹ بلیو ایئر ویز کا کوڈ لیا تھا جب کہ فیڈرل ایوی ایشن نے ملک میں داخل ہونے کے لیے ایرانی فضائی راستہ استعمال کرنے کی پابندی عائد کر رکھی تھی۔

دوسری جانب اماراتی فضائی کمپنی ایمریٹس نے موقف اختیار کیا کہ تہران کے لیے دن میں دو کے علاوہ ایرانی فضائی حدود سے تمام پروازیں معطل تھیں تاہم امریکا جانے والی پروازیں بحال کیں تو غلطی سے جیٹ بلو کا کوڈ استعمال کرلیا تھا۔

ایمریٹس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ایسا اقدام نہیں تھا جس پر جرمانہ عائد کیا جاتا لیکن معاملے کو طے کرنے کے لیے جرمانے کی ادائیگی پر رضامندی کا اظہار کیا۔ امریکی ٹرانسپورٹیشن ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ اگر ایمریٹس نے دوبارہ یہ غلطی نہ کی تو نصف جرمانہ معاف کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے ایرانی فضائی حدود سے امریکا آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی، یہ پابندی ایران کی جاب سے خلیج عمان پر امریکی ڈرون گرانے کے بعد عائد کی گئی تھی۔

Related Articles

Back to top button