بین الاقوامی

مویشی چوری کا الزام، بھارت میں ہجوم نے تین بنگلہ دیشیوں کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا

بھارتی ریاست آسام میں ہجوم نے تین بنگلہ دیشیوں کو مویشی چوری کے الزام میں پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔

یہ واقعہ آسام کے ضلع کریم گنج میں پیش آیا، جہاں بنگلہ دیشی مویشیوں کے تین مشتبہ چوروں کو ایک ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ جانوروں کے چوروں کے ایک گروپ نے ہفتے کی رات کو بھارت بنگلہ دیش سرحد عبور کر کے پتھر کنڈی تھانے کی حدود میں واقع بوگریزان چائے کے باغات میں داخل ہو کر واردات کی کوشش کی تھی۔

پولیس کے مطابق مشتبہ چوروں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے، جس مقام پر ہجوم نے ان پر حملہ کیا وہ جگہ سرحد سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جانور چرانے والے بنگلہ دیشی چوروں نے چائے کے باغ کے ایک مزدور کے ہاں سے جانور چوری کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم مزدوروں نے انھیں دیکھ لیا اور شور مچانے لگے جس پر لوگ آس پاس جمع ہوگئے اور انھوں نے چوروں کو پکڑ لیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چوروں کی تعداد 7 تھی جن میں سے چار بھاگنے میں کامیاب ہو گئے تھے جب کہ تین ہجوم کے ہاتھ لگ گئے اور ان کے تشدد سے مر گئے۔

پولیس کی جانب سے اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، حملہ آوروں میں سے کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔

پولیس کے بیان کے مطابق بنگلہ دیشیوں کی لاشوں کے پاس سے بنگلہ دیش کے بنے بسکٹ اور روٹی کے ٹکڑے ملے، اس کے علاوہ ان کے پاس سے تار کاٹنے کا سامان اور بیگ وغیرہ بھی ملے۔

Related Articles

Back to top button