بین الاقوامی

وائلڈ لائف پارک کے طوطوں نے سیاحوں سے بدتمیزی کرنا شروع کردی

انگلینڈ کے ایک وائلڈ لائف پارک میں 5 طوطے سیاحوں کو مغلظات بکنے لگے جس کی وجہ سے انہیں عارضی طور پر وہاں سے ہٹا دیا گیا۔

انگلینڈ کے لنکن شائر کے وائلڈ لائف پارک میں لائے گئے 5 نئے طوطوں کو عارضی طور پر عوامی مقام سے ہٹا دیا گیا ہے، جس کی وجہ ان طوطوں کا سیاحوں سے بدتمیزی کرنا ہے۔

مذکورہ 5 افریقی سرمئی طوطے 15 اگست کو لنکن شائر وائلڈ لائف پارک میں لائے گئے تھے۔

پارک کی انتظامیہ کے مطابق طوطوں نے قرنطینہ کے دوران ایک دوسرے سے مغلظات سیکھ لیں۔ ان کی بدتمیزی پر پارک کا اسٹاف قہقہے لگاتا رہا جس سے ان طوطوں کی مزید حوصلہ افزائی ہوئی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی ان کے پارک میں ایسے طوطے لائے گئے تھے، جو بعض اوقات غلط زبان استعمال کرتے تھے۔ اب مذکورہ پانچوں طوطے ایک ہی مقام سے حاصل کیے گئے ہیں تو اندازہ ہے کہ وہاں پر اس زبان کا استعمال نہایت عام تھا لہٰذا یہ طوطے بھی وہی سیکھ گئے۔

پارک انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے پارک بند تھا اور جیسے ہی پارک کھلا، انہیں ڈسپلے پر رکھا گیا، لیکن جلد ہی انہوں نے پارک میں آنے والے سیاحوں کو مغلظات بکنی شروع کردیں۔

انتظامیہ نے بتایا کہ ویسے تو سیاح ان طوطوں کی باتیں سن کر ہنس رہے ہیں لیکن پارک میں بچے بھی آرہے ہیں لہٰذا ان طوطوں کو عوامی مقام سے ہٹا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پارک انتظامیہ کے مطابق اگر ان طوطوں کی مغلظات کا سلسلہ جاری رہا تو انہیں علیحدہ علیحدہ جگہ پر رکھا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button