بین الاقوامی

شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے تحریری معافی مانگ لی: جنوبی کوریا

جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ کم جونگ اُن نے شمالی کوریا کی سرحدی فورس کے ہاتھوں ہمارے شہری کی ہلاکت پر تحریری طور پر معذرت کرلی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے حکمراں کم جونگ اُن نے اُس واقعے پر معافی نامہ بھیجا ہے جس میں شمالی کوریا کی فوج نے بحری سرحد پر فائرنگ کرکے جنوبی کوریا کےشہری کو ہلاک کردیا تھا۔

جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے حکمراں نے جنوبی کوریائی شخص کی ہلاکت کے واقعے کو غیر متوقع اور رسوا کن قرار دیا ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کم جونگ اُن نے جنوبی کوریا سے کسی معاملے پر براہ راست معافی مانگی ہو۔

شمالی کوریا کے حکمراں کے اس غیر معمولی اقدام سے کوریائی ممالک کے درمیان عرصے سے منجمد تعلقات کی برف پگھلنے کا امکان ہے جو دونوں کوریائی رہنماؤں کی تاریخی ملاقات اور صدر ٹرمپ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کے باوجود تعطل کا شکار تھے۔

دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد شمالی اپنے پڑوسی کو خوش کرنے کی کوشش کر رہا ہے کیوں کہ دہائی قبل پہلی بار جب شمالی کوریا کی افواج نے جنوبی کوریائی شہری کو مارا تھا تو اُس وقت جنوبی کوریا نے سخت کارروائی کی تھی۔

واضح رہے کہ منگل کو شمالی کوریا کی فوج نے جنوبی کوریا کے ایک شہری کو بحری سرحد پر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا اور لاش کو آگ لگادی تھی۔ جنوبی کوریائی شخص کی کشتی سے صرف ان کے جوتے ملے تھے۔

Related Articles

Back to top button