بین الاقوامی

کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے بعد دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر گئی، اسرائیل میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا جبکہ ایران میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 7 لاکھ 17 ہزار 711 ہوگئی جبکہ کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 9 لاکھ 56 ہزار 864 ہوگئی۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 74 لاکھ 8 ہزار 90 ہے، ان میں سے 61 ہزار 417 کیسز تشویشناک ہیں جبکہ دنیا بھر میں اب تک 2 کروڑ 23 لاکھ 52 ہزار 757 کرونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کلوزڈ کیسز میں سے 96 فیصد مریض وہ ہیں جو صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شرح 4 فیصد ہے۔

اسی طرح فعال کیسز میں سے 99 فیصد معمولی بیمار ہیں جبکہ صرف 1 فیصد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

کورونا وائرس کیسز کے لحاظ سے امریکا دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی اموات 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔

اب تک امریکا میں کورونا وائرس کے 69 لاکھ 25 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 25 لاکھ 30 ہزار 876 ہے۔ ملک میں زیر علاج 14 ہزار 179 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ ملک میں 41 لاکھ 91 ہزار 894 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

بھارت کورونا وائرس کیسز کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 53 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اب تک ملک بھر میں 85 ہزار 625 افراد کرونا وائرس کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

بھارت میں فعال کیسز کی تعداد 10 لاکھ 13 ہزار 958 ہے جبکہ صحتیاب مریضوں کی تعداد 42 لاکھ 8 ہزار 431 ہوچکی ہے۔

برازیل میں بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں وائرس سے ہلاک مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 857 ہوچکی ہے، برازیل میں اب تک 44 لاکھ 97 ہزار 434 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

مذکورہ تینوں ممالک کے علاہ کورونا وائرس کیسز کے لحاظ سے روس، پیرو اور کولمبیا بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔

روس میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ اور اموات 19 ہزار، پیرو میں کیسز کی تعداد 7 لاکھ اور اموات 31 ہزار اور کولمبیا میں کیسز کی تعداد 7 لاکھ اور اموات 23 ہزار ہوچکی ہیں۔

علاوہ ازیں اسرائیل میں کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے بعد دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا، اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کی حکومت نے بھی مضافات میں لاک ڈاؤن کا حکم دیا ہے جبکہ ایران میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز اور ہلاکتوں کے بعد ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ یورپ میں بھی متعدد علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تشویشناک تعداد سامنے آرہی ہے۔

Related Articles

Back to top button