کورونا ویکسین کی ترسیل شروع، روسی حکام نے بڑی خوشخبری سنادی

روسی حکام نے کورونا ویکسین کی ترسیل شروع کردی جو 14 ستمبر تک تمام شہروں میں پہنچ جائے گی۔

روس نے دنیا کی پہلی رجسٹرڈ کورونا وائرس ویکسین کی ابتدائی کھیپ اپنے تمام شہروں، قصبوں، دیہاتوں اور دور دراز کے علاقوں میں بھجوانی شروع کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق سپتنک وی ویکسین کی افادیت اور حفاظت کی جانچ کے ساتھ روسی حکومت کا منصوبہ ہے کہ ویکسین کی دستیابی تمام روسی شہریوں، خاص طور پر کورونا وائرس کے خطرے کا زیادہ شکار افراد تک مؤثر طور پر یقینی بنانا ہے۔

روسی وزیر صحت مرشکو کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی پیر تک تمام شہروں و قصبوں اور دیہاتوں میں پہنچ جائے گی۔

انہوں نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ کورونا ویکسین کی ترسیل کے سلسلے میں پہلی کھیپ بھیج کر سپلائی چین کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ عملے و حکام کو ویکسین کی ضرورت سے متعلق پتہ چل سکے۔

خیال رہے کہ روس نے مذکورہ ویکسین کو تیسرے مرحلے کی آزمائش مکمل ہونے سے پہلے ہی عوام کے استعمال کے لیے منظور کردیا تھا جس پر اسے شدید تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

میڈیکل جرنل لینسٹ میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق روسی ویکسین کے پہلے اور دوسرے آزمائشی مرحلے میں شامل 76 افراد میں اینٹی باڈیز بنیں۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے لیے تیار کی گئی ویکسین سے مریضوں میں مدافعتی قوت اور اینٹی باڈیز پیدا ہوئیں اور معمولی سائیڈ ایفیکٹس دیکھے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں