سعودی محکمہ پاسپورٹ کا بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق اہم بیان

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا۔

محکمہ پاسپورٹ نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں سعودی عرب کے قومی دن ’یوم وطنی‘ کے بعد بین الاقوامی پروازیں کھولنے سے متعلق خبر کی تردید کر دی۔

محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ پہلے بھی کہا جا چکا ہے اور اب پھر تاکید کی جا رہی ہے جب بھی انٹرنیشنل پروازوں پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ ہوگا اس کی اطلاع اسی وقت سرکاری چینل سے باقاعدہ دی جائے گی۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے مزید کہا کہ غیر سرکاری ذرائع سے پھیلائی جانے والی اس قسم کی اطلاع کو آنکھ بند کر کے مسترد کر دیا جائے۔

یاد رہے کہ رواں سال مارچ کے وسط میں سعودی عرب نے صحت حکام کی ہدایت پر کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدبیر کے طور پر بین الاقوامی پروازیں معطل کی تھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں